وائٹ ہاؤس کا آفینڈر ہال آف شیم، جعلی خبریں پھیلانے والے اداروں کی فہرست

03 دسمبر ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) وائٹ ہاؤس کا آفینڈر ہال آف شیم، جعلی خبریں پھیلانے والے اداروں کی فہرست جاری، بڑے امریکی میڈیا ادارے "ریپیٹ آفینڈرز" قرار، سی این این، ایم ایس ناؤ اور واشنگٹن پوسٹ "ہال آف شیم" میں شامل، ڈیموکریٹکس کی وائرل ویڈیو اور اس کی میڈیا کوریج پر سخت تنقید، ہم اپنی صحافت پر فخر کرتے ہیں، واشنگٹن پوسٹ کا ردعمل، وائٹ ہاؤس نے میڈیا میں مبینہ طور پر غلط اور گمراہ کن رپورٹنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک نیا آن لائن فیچر "Media Offender of the Week" اور "Offender Hall of Shame" متعارف کرایا ہے، جس میں کئی معروف امریکی میڈیا اداروں کو "مس لیڈنگ"، "بائیسٹ" اور "ایکسپوزڈ" کے بینر تلے نشان زد کیا گیا ہے۔ فہرست میں نیو یارک ٹائمز، پولیٹیکو، اے بی سی نیوز، ایسوسی ایٹڈ پریس، سی این این، ایم ایس ناؤ (سابقہ MSNBC)، واشنگٹن پوسٹ اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ ویب سائٹ پر میڈیا کی جانب سے ایک وائرل ویڈیو کی کوریج پر بھی سخت تنقید کی گئی، جس میں ڈیموکریٹک قانون سازوں نے مبینہ طور پر امریکی فوجیوں کو "غیر قانونی احکامات نہ ماننے" کا مشورہ دیا تھا اور میڈیا نے اسے ٹرمپ کے ردعمل کو "سزائے موت کی حمایت" کے طور پر پیش کیا۔ وائٹ ہاؤس نے اسے جھوٹا بیانیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے کبھی کوئی غیر قانونی حکم جاری نہیں کیا اور میڈیا عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ اس تنقید کے جواب میں واشنگٹن پوسٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی درست اور سخت جانچ پر مبنی صحافت پر فخر کرتی ہے۔